ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی سمندری طوفان، آندھی اور بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب کے تمام اداروں و ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔ ریلیف کمشنر پنجاب کی ہدایت پر صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق انتہا ئی شدید سمندری طوفان (BIPARJOY)مشرقی اور وسطی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک مزید شمال کی جانب بڑھے گا۔ سمندری طوفان کی وجہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں 14 جون سے داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے باعث لاہور ، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 15سے 18 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، قصور ، جہلم سرگودھا، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے تیزہواوں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر مو سلا دھار بارش ، ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ پنجاب میں آندھی اور جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورسٹرکچر کو شدید نقصان کا خطرہ ہے۔کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا کہ تمام اضلاع بروقت انتظامات مکمل کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔متعلقہ اضلاع عملے کی شفٹ وائز 24 گھنٹے ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں۔