( سٹی42) چیئرمین تحریک انصاف پر سپریم کورٹ کے سنئیر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا الزام لگانا مہنگا پڑ گیا ،پی ٹی آئی کی جانب سے عطاء تارڑ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللّٰہ تارڑ کا ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر کے قتل کا الزام چیئرمین پی ٹی آئی پر لگایا تھا جس کے بعد عطا تارڑ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔عطاء تارڑ کیخلاگ قانونی کاروائی کا آغاز چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر کیا گیا ، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر ابوذر سلمان خان نیازی نے عطا تارڑ کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا جبکہ ہرجانے کے طور پر ملنے والی رقم شوکت خانم کو عطیہ کی جائے گی ۔
قانونی نوٹس کے ذریعے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف الزام تراشی پر عطا تارڑ کا 15 روز میں غیر مشروط معافی مانگنے کی مہلت دی گئی۔جس میں عطا تارڑ فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف الزام تراشی ترک کریں اور اپنا بیان واپس لیں،معافی نہ مانگنے اور الزام تراشی سے رجوع نہ کرنے پر عطاء تارڑ کیخلاف ہتک عزت قانون سمیت متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے وزیراعظم کے مشیر عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکیل کے قتل کا مورد الزام سابق وزیراعظم عمران خان کو ٹھہرایا تھا، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ" چیئرمین تحریک انصاف کو قتل کا جواب دینا ہوگا، ہم عبدالرزاق شر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے".