(ویب ڈیسک)خوبانی ایک ذائقہ دار پھل ہے جو ذائقہ اور غذائیت دونوں سے مالا مال ہوتی ہے۔ یہ پیلے یا نارنجی سے پھل وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں، جس کا ذائقہ مختلف اقسام کے لحاظ سے میٹھا ہوتا ہے۔
خوبانی میں آئرن، فائبر، پوٹاشیم اور وٹامن اے، سی اور ای ہوتے ہیں، اس کے علاوہ یہ توانائی کا بھرپور ذریعہ ہیں، خوبانی میں فائبر کی زیادہ مقدار قبض کو کم کرنے میں بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ یہ آپ کی آنکھوں کی صحت کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
خوبانی جلد کی متعدد بیماریوں کے علاج میں بھی مدد کرتی ہے جن میں ایکزیما، ، خارش اور دیگر پریشان کن حالات شامل ہیں۔ اس کی اینٹی آکسیڈنٹ خاصیت قبل از وقت عمر بڑھنے کی علامات کو روکنے میں مدد کرتی ہیں۔
ایسے لوگ جو موٹاپے کا شکار ہوں، ان کے لیے خوبانی نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے، کیوںکہ اس پھل میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو وزن میں کمی لانے کے لیے نہایت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
خشک خوبانی میں فائبر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو زیادہ دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا جس کی وجہ سے وزن میں کمی آنا شروع ہوتی ہے۔ وزن میں کمی لانے کے لیے خشک خوبانی کو استعمال کرنے والے افراد کو چاہیئے کہ اسے متوازن مقدار میں استعمال کریں، کیوں کہ اس میں کیلوریز کافی مقدار میں پائی جاتی ہیں۔
خون کی کمی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے آئرن نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے، خشک خوبانی میں آئرن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، خون کی کمی کی علامات سے نجات حاصل کرنے کے لیے خشک خوبانی ایک بہترین آپشن ہے۔ جسم میں آئرن کی سطح متوازن ہونے سے ہیمو گلوبن کی سطح میں بھی بہتری آتی ہے۔