ویب ڈیسک:سعودی حکومت کی جانب سے حج پیکجز کے لیے نیا یونیورسل سسٹم فعال کر دیا گیا، یہ نیا سسٹم فراڈ کو روکنے اور حج کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
اس سسٹم کے تحت حج کے خواہش مند افراد پورٹل پر براہِ راست اندراج کرا سکتے ہیں، درخواست گزاروں کی رجسٹریشن، فیس وصولی اور ویزے کا اجراء آن لائن ہو گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق نئے پورٹل میں برطانیہ کے حج ٹریول ایجنٹس کو خارج کر دیا گیا ہے، کمپنیاں موجودہ بکنگ والے گاہکوں کو رقم واپس کرنے کی پابند ہوں گی۔
برطانوی میڈیا نے بتایا کہ برطانیہ کی حج ٹریول انڈسٹری میں فراڈ کے بہت واقعات ہوئے ہیں، غیر قانونی آپریٹرز عازمینِ حج کے ہزاروں پاؤنڈ لے کر غائب ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے حج و عمرہ کی سربراہ ایم پی یاسمین قریشی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ سعودی حکومت سے کہا ہے کہ حج پیکیجز برطانیہ کے سفری ضوابط پر پورا نہیں اترتے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں نے سعودی وزارت کو پورے پورٹل رول آؤٹ کے بارے میں لکھا ہے، عازمین کے ساتھ کچھ بھی غلط ہوا تو اس کا ازالہ کیسے ہو گا؟
یاسمین قریشی کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ پرانے سسٹم پر کسی بھی خرابی کی صورت میں معاوضہ ملتا تھا۔