(سٹی42)حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مخالفین اور عوام کے نشانے پر ہے، اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے پی ٹی آئی کے رہنما مختلف سیاسی بیانات دیتے نظرآتے ہیں،پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کی ایک سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ ن لیگ کی رہنمامریم اورنگزیب کو منہ چڑارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی عوام کا جینا محال بنادیا، مہنگائی کے سونامی نے غریب عوام کو جیتے جی ماردیا، ہر نیا طلوع ہونے والا سورج اشیائے خورونوش میں اضافے کی نوید لے کر غروب ہوجاتا ہے جبکہ اس دلدل میں پھنسے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں،حکمران جماعت کے رہنما اپنی سیاست چمکانے کی کوشش میں ہیں اور مخالفین پر تنقید کرنے میں لگے ہیں،اب ایک ایسی ہی ویڈیو سامنے آئی جس میں پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کو دیکھ کر منہ چڑا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں نئے مالیاتی سال کا بجٹ پیش کیا گیا تھا،اس دوران جہاں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا وہیں حکومتی اراکین اسمبلی کی جانب سے بھی اپوزیشن رہنماؤں کو جواب دیا گیا،سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہیں اپوزیشن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کے مطابق عاصمہ حدید کی ویڈیو اس وقت بنائی گئی جب وہ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کو دیکھ کر منہ چھڑا رہی تھیں.
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے پر پی ٹی آئی رہنما پر خوب تنقید کی جارہی ہے اور ان کے اس عمل کوناپسندیدہ قرار دیاجارہا ہے۔