سٹی 42: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو محدود کرنے کا اعلان کردیا، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری۔ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر یومیہ صرف 35 جہازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ یومیہ 6 ہزار مسافر بیرون ملک سے پاکستان آسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی مسافروں میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو محدود کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ این سی او سی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پروازوں کو محدود کرنے کے حوالے فیصلہ کیا گیا، جس کا آج باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر یومیہ صرف 35 جہازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ یومیہ 6 ہزار مسافر بیرون ملک سے پاکستان آسکیں گے اور پالیسی کا اطلاق 15 جون سے ہوگا۔
ادھر علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر آنے جانیوالی 22پروازیں منسوخ ہوگئیں۔فلائٹ انکوائری کے مطابق کراچی کی 8پروازیں آج اُڑان نہیں بھر سکیں گی۔ دوحہ اور قطر کی دو، شارجہ اور ابوظہبی کی بھی دو، دو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی کی چار استنبول کی دو اور کویت کی بھی دو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے سے فضائی مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔