علی رامے:حکومت کا موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ۔ موبائل کالز ،انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس عائد نہیں ہو گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا پر ٹیکس لگانے کی وزیراعظم اور کابینہ نے مخالفت کی ہے، جس پر اب یہ تجاویز ختم کیں جارہی ہیں۔ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 3منٹ سے زائد فی کال پر ایک روپیہ ٹیکس کی تجویز تھی جسے اب ختم کیا جارہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ ڈیٹا،موبائل فون کالزاورایس ایم ایس مہنگے نہیں ہوں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے مالی سال 2021-22 کا بجٹ پیش کیا۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں تین منٹ سے زیادہ موبائل فون کال اور انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال پر ایف ای ڈی کی تجویز دی گئی تھی۔ تین منٹ سے زائد کال، انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس پیغامات پر بھی ایف ای ڈی عائد کردیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کا اس ضمن میں مؤقف تھا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبے میں ترقی ہوئی ہے اور اس شعبے سے جائز حد تک ریونیو حاصل کیا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کے مطابق اس ایف ای ڈی سے آبادی کے ایک بڑے حصے پر معمولی ٹیکس نافذ ہو گا۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں موبائل سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس ساڑھے 12سے کم کرکے 10فیصد کر دیا گیا جبکہ اس میں بتدریج 8 فیصد تک کم کرنے کی تجویز تھی۔