فیروز پور روڈ (علی رامے) شہریوں کی جان بچانے والا ادارہ مالی مشکلات کا شکار، ریسکیو 1122 کی 495 ایمبولینسز ان فٹ ہونے کا انکشاف، موٹر وہیکل ایگیمنر کی رپورٹ میں ریسکیو سروسز کی ایمبولینسز کو "ان فٹ" قرار دے دیا گیا۔
دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والا ادارہ حکومت پنجاب کی عدم توجہ کے باعث مالی مشکلات سے دوچار ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں ریسکیو آپریشن میں استعمال ہونے والی 495 ایمبولینسز ایمرجنسی سروسز کیلئے ناکارہ قرار دے دی گئیں، جس پر موٹر وہیکل ایگزیمنر نے بھی باقاعدہ تصدیق کی، حکومت کو پیش کردہ رپورٹ کے مطابق 495 ایمبولینسز 3 لاکھ کلومیٹر تک چل چکی ہے جنہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 کے پاس 843 ایمبولینسز ہیں جن میں سے 495 ایمبولینسیں ایمرجنسی سروسز دینے کے قابل نہیں رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو پنجاب کی جانب سے حکومت کو ایمبولینسز کی حالت زار بارے آگاہ کرچکی ہے جبکہ ریسکیو سروسز کی جانب سے حکومت کو نئی ایمبولینس خریدنے کیلئے مراسلہ بھی لکھا گیا لیکن محکمہ خزانہ پنجاب نے سپریم کورٹ کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کا بہانہ بنا لیا۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق کفایت شعاری کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے ٹی او آرز میں گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ایمرجنسی سروسز پر لاگو نہیں ہوتی۔ رواں ماہ ریسکیو 1122 کی جانب سے نئی ایمبولینسز خریدنے کیلئے ایک ارب 44 کروڑ کے فنڈ بھی مانگے گئے تھے۔