دورہ انگلینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کی روانگی کا شیڈول تیار

12 Jun, 2020 | 08:10 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار کرلیا گیا، پاکستان ٹیم پانچ جولائی کی بجائے جون کے آخری ہفتے میں روانہ ہوگی۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے 26 سے 29 جون تک پرائیویٹ جیٹ طیارے کا انتظام کیا ہے۔ 26 جون کو جیٹ طیارہ قومی ٹیم کو لینے لاہور پہنچے گا جبکہ قومی ٹیم 27 اور 28 جون کی درمیانی رات انگلینڈ روانہ ہو گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے سیریز کی تیاری کے لیے انگلش بورڈ سے جلد روانگی کی درخواست کی تھی۔ انگلینڈ پہنچ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی برمنگھم میں قرنطنیہ اور پریکٹس کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پانچ اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم دوسرا، تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ روانگی سے قبل 25 جون تک قومی کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مکمل کئے جائیں گے۔

دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کے لئے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی جبکہ ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔ سابق کپتان سرفراز احمد کی قومی ٹیم میں واپسی ہوگئی۔ ٹیم میں عابد علی، فخرزمان، امام الحق، شان مسعود بطور اوپنر، اسد شفیق، خوشدل شاہ، حیدر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان سینئر، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان شاداب خان  ٹیم میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں