کورونا وائرس :طبی عملے کیلئے خصوصی پیکج لانے کا فیصلہ

12 Jun, 2020 | 03:48 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی خدمت پر مامور طبی عملے  کیلئے بھی حکومت نے سوچ لیا ۔  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی خدمات پر مامورطبی عملے کے لیے30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق  ظفر مرزا نے کہا کہ طبی عملے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کورونامریضوں کی خدمات پرمامور عملے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اس پیکج کے حوالے سے تمام صوبوں سے مشاورت کر لی گئی ہے اور اب ہرصوبہ اپنے لحاظ سے اس پیکج پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔پیکج 7گروپس پرمشتمل ہوگا جس میں معاشی، سیکیورٹی اور تحفظ، تربیت اور ان کی اپنی صحت اور دیگر جز شامل ہیں۔ کورونا فرنٹ ورکرز ٹیکس سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔

ڈاکٹرظفرمرزا کا کہنا ہے کہ خصوصی پیکج میں مالی معاونت ،تحفظ اور تربیت بھی شامل ہوگی جب کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرزکو شہداء پیکج ملےگا۔چین کے تعاون سے 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کا انتظام کیا گیا، حفاظتی سامان کے درست استعمال کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی ہے۔

 پروگرام کے تحت ایک لاکھ ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان سے متعلق تربیت دی جارہی ہے جب کہ ہیلتھ ورکرز ہیلپ لائن 1166 پر اپنے مسائل بھی درج کراسکیں گے۔ پاکستان میں 3 فیصد ڈاکٹر اورطبی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، بیماری کی صورت میں ہیلتھ ورکرز کے اہلخانہ کا بھی ترجیحی بنیادوں پرعلاج کرایا جائے گا جب کہ نجی اسپتالوں کی معاونت کے لیے رعایتی شرح پرقرضے دیے جا رہے ہیں اور نجی اسپتالوں کومشینری درآمد میں ٹیکسوں کی رعایت دیں گے

خیال رہے کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے اب تک اکیالیس طبی اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یاد رہے  دنیا بھر میں اب تک کورونا جیسے  قاتل وائرس سے4 لاکھ 23 ہزار 866 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 75 لاکھ 98 ہزار 201 تک جا پہنچی ہے، دنیا بھر میں   کورونا وائرس سے متاثر  32 لاکھ 84 ہزار افراد ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھر وں میں آئسولیشن میں ہیں جن میں سے 53 ہزار916 کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 38 لاکھ 42ہزار 805 مریض صحتیاب ہوگئے۔

 
 

مزیدخبریں