پنجاب حکومت بجٹ کب پیش کرے گی؟ تاریخ کا اعلان ہوگیا

12 Jun, 2020 | 02:08 PM

Sughra Afzal

(قیصر کھوکھر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے 15 جون کو صوبے کا بجٹ پیش کرنےکی منظوری دیدی، بجٹ اجلاس15 جون بروز پیر کو فلیٹیز ہوٹل میں ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے 15 جون کو پنجاب کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، 15 جون بروز پیر کی صبح 10 بجے پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ  پنجاب کی زیرصدارت ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوگا، اسی اجلاس میں صوبائی کابینہ کی جانب سے مالی سال21-2020 کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی،صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت بجٹ پیش کریں گے.

پنجاب حکومت نے تمام پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو 15 جون کے اجلاس کیلئے لاہور پہنچنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام پی ٹی آئی اراکین بجٹ اجلاس میں اپنی شرکت ہر صورت میں یقینی بنائیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے مالی سال 21-2020 کے بجٹ کا مجموعی تخمینہ 2400 ارب لگایا گیا ہے، ترقیاتی بجٹ میں 50 سے 60 فیصد کمی کی جاسکتی ہے، پنجاب کا ترقیاتی بجٹ کمی کے بعد 250 ارب رکھے جانے کا امکان ہے، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس بڑھانے کی تجویز بھی ہے، زرعی شعبہ میں 6 لاکھ روپے تک کوئی انکم ٹیکس نہیں ہوگا، 12 سے 18 لاکھ روپے آمدن والے کسان سے 30 ہزار روپے اور پلس 10 فیصد ٹیکس لیا جائے گا، جبکہ 18 تا 25 لاکھ آمدن والے کسان سے90 ہزار روپے پلس ساڑھے 12 فیصد ٹیکس لینےکی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کا نئے مالی سال 21 -2020 کا بجٹ 210 ارب روپے کا سرپلس بجٹ ہوگا جبکہ پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال میں اخراجات کا تخمینہ  2179 ارب روپے ہو گا جبکہ مجموعی صوبائی اخراجات میں کرنٹ اخراجات کا حجم  1427 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، پنجاب آئندہ مالی سال کے لئے کورونا کے باعث صحت کے لئے بھاری بجٹ مختص کرے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق صحت کے شعبہ میں تمام ٹیکسز کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نئے مالی سال میں ختم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ہوٹلز، میرج ہالز، کیٹرنگ اور شامیانہ پر ٹیکس کم کرکے صرف 5 فیصد عائد کرنے کی تجویز ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم، ٹورآپریٹر، جم اور فٹنس کلب پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنےکی تجویززیرغور ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے والا بجٹ پیش کریں گے، غیر ضروری اخراجات کم کریں گے، بجٹ میں کمزور طبقے کے تحفظ کیلئے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں ہر طبقے کا خیال رکھا جائے گا، کورونا کی وجہ سے سرکاری محاصل کی وصولی میں کمی ہوئی، تاہم عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔

مزیدخبریں