(جنید ریاض) محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب میں زیر تعلیم 35 ہزار خصوصی طلباء مفت درسی کتب سے محروم، ضلعی انتظامیہ نے بجٹ کی عدم دستیابی پر خصوصی بچوں کوکتابیں فراہم سے انکار کردیا، مفت کتابوں کی عدم فراہمی پرخصوصی بچے بازار سے کتابیں خریدنے پر مجبورہیں۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں زیر تعلیم 35 ہزار طلباوطالبات مفت درسی کتب سے محروم ہیں۔ ہر سال کی طرح رواں سال بھی ضلعی انتظامیہ نے خصوصی بچوں کو مفت کتابیں دینے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث رواں سال بھی خصوصی بچے خود سے کتابیں خریدنے پر مجبور ہیں۔
محکمہ خصوصی تعلیم کے مطابق ضلع لاہور میں زیر تعلیم 5 ہزار خصوصی بچوں کو تاحال مفت کتابیں نہیں مل سکیں ۔انکا کہنا ہے کہ مذکورہ 35 ہزار بچوں کے لئے اڑھائی لاکھ کتابیں درکار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ خصوصی تعلیم نابینا بچوں کو بریل بکس خود سے فراہم کرتا ہے۔ محکمہ خصوصی تعلیم نے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈسے مطالبہ کیا ہے گورنمنٹ سکولوں کی طرح خصوصی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم بچوں کو بھی مفت کتابیں فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی بچوں کو مفت کتابوں کی فراہمی کیلئے محکمہ کو کوئی بجٹ نہیں دیا جاتا۔دوسری جانب سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونیوالے طلباوطالبات کیلئے مفت درسی کتب کا فقدان پیدا ہوگیا ،سکولوں میں صرف پہلے سے رجسٹرڈ طلباوطالبات کو کتابیں دی جانے لگیں، سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس محدود کتابیں ہیں انھیں نئے داخلوں کیلئے ابھی تک کتابیں فراہم نہیں کی گئیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نےدعویٰ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے پاس اضافی کتابیں موجود ہیں، تاہم نئے داخل ہونیوالے طلباء کو کتابیں فراہم کرنے کیلئے شیڈول جلد مرتب کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ لاہور میں 1200 سےزائد سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کوتقریبا 25 لاکھ سے زائد مفت درسی کتابوں کی تقسیم کا عمل تاحال شروع نہیں ہوسکا۔