(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں شہر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ موثر پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، ماہرین اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے پنجاب خصوصاً لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اوراس امر پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ موثر پالیسی مرتب کی جائے گی اور اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، ورکنگ گروپ کی سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کورونا کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر پیشگی ضروری پلاننگ کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، موجودہ صورتحال میں تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اُٹھائے جائیں گے اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت کو کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی، کور کمانڈر نے کہا کہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے، سول حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔