شوبز ستارے’’لاک ڈائون‘‘کرنے میں مصروف

12 Jun, 2020 | 11:48 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42: کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں پوری دنیا متاثر ہوئی وہاں شوبز ستارے بھی متاثر ہوئے ہیں،شوبز ستاروں نے لاک ڈائون اوپن کرانے کے بجائے ’’ لاک ڈائون‘‘ کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کو سماجی دوری اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اسی ضمن میں دنیا بھر میں تھیٹرز اور سینما گھر بند ہیں جس کے باعث شائقین  آن لائن اسٹریمنگ سائٹس پر ہی فلمیں دیکھنے پرمجبور ہیں۔

دوسری جانب اس خطرناک وبا کی وجہ سے متعدد فلموں کی شوٹنگ بھی متاثر ہوئی ہے لیکن اب ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ کا  آغاز ہو گیا ہے۔دنیا بھر کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی جانب سے متعدد ایسے اسکرپٹس پر کام کیا جارہا ہے جن کا تعلق کورونا وائرس سے ہے اور اب پاکستانی اداکارہ فریال محمود اور اداکار گوہر رشید بھی ایک ایسی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی کہانی کووڈ-19 پر مبنی ہے۔


گوہر رشید اور فریال محمود کی اس فلم کا نام 'لاک ڈاؤن ' ہے جس کی کہانی ایک رومانوی جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوتا ہے۔فلم کی شوٹنگ کا آغا زکیا جا چکا ہے اور اس میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جوڑے کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کو دکھایا گیا ہے جب کہ فلم کی ریلیز کی حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اداکارہ فریال محمود نے بتایا کہ فلم 'لاک ڈاؤن' نیٹ فلکس یا ایمازون پرائم پر ریلیز کی جائے گی۔لاک ڈاؤن' کی کہانی عابدہ احمد اور ابو علیحہ نے لکھی ہے جب کہ فلم کے ہدایت کار بھی ابو علیحہ ہی ہیں۔

یاد رہے  دنیا بھر میں اب تک کورونا جیسے  قاتل وائرس سے4 لاکھ 23 ہزار 866 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 75 لاکھ 98 ہزار 201 تک جا پہنچی ہے، دنیا بھر میں  کورونا وائرس سے متاثر  32 لاکھ 84 ہزار افراد ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھر وں میں آئسولیشن میں ہیں جن میں سے 53 ہزار916 کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 38 لاکھ 42ہزار 805 مریض صحتیاب ہوگئے۔

مزیدخبریں