فخر امام: صوبائی دارالحکومت میں آئے روز حادثات کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کی وجہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے، کینال روڈ بیجنگ انڈرپاس پر ٹریفک حادثہ، دو مزدہ لوڈر آپس میں ٹکرا گئے، حادثہ کے باعث ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بیجنگ انڈر پاس میں مزدہ ٹرک کے ٹائر برسٹ ہونے سے پیچھے سے آنے والا تیز رفتار مزدا ٹرک سے جا ٹکرایا، حادثے میں مزدا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا، حادثے کے باعث ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بیجنگ انڈر پاس سے مغل پورہ جانے والی روڈ پر ٹریفک 2 گھنٹے سے زائد سست روی کا شکار رہی۔
تاہم ڈولفن اور ٹریفک وارڈنز نے ٹرک کو سڑک سے ہٹانے کا کام مکمل کرکے روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
اس سے قبل مانگامنڈی میں تیزرفتار کیری ڈبہ ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر ٹریلر سے ٹکرا گیا جس کے باعث ایک مزدور موقع پر جاں بحق ہوگیا اور 6 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا تھا اور جاں بحق مزدور کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی جو کہ شامکے بھٹیاں کا رہائشی تھا۔
واضح رہے کہ جہاں دور جدید نے انسانوں کے لئے بے شمار ایجادات کے حیرت انگیز نظارے دکھائے ہیں وہیں سفر طے کرنے کے لئے جدید سواریوں جہاز، ٹرین، بس، کار اور موٹر سائیکل وغیرہ بھی ایجاد کی ہیں جو کہ یقیناً انسانوں کے لیے بہت مُفید ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سے انسان دِنوں کا سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کے سفر منٹوں میں طے کر لیتے ہیں۔
مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کا درست استعمال نا کر کے انسان اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، آئے روز حادثات کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کی وجہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔