( قذافی بٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کہتے ہیں اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرنا چاہتی ہے تو ضرور کرے، لیکن کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو اسکے ساتھ وہی سلوک ہوگا جس کے وہ حقدار ہونگے۔
صوبائی وزیراطلاعات صمصام بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت نیب اور انصاف کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چارٹر آف کرپشن پر اکٹھی ہو رہی ہے، مسلم لیگ (ن) نے احتساب کمیشن بنایا اور اسے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا، دونوں جماعتوں کو یہ یاد دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ نیب کے چیئرمین کو ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مل کر بنایا ہے اور زرداری صاحب کے خلاف کیسز پی ٹی آئی نے نہیں بنائے بلکہ ن لیگ نے ہی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ عدالتی ہے، سزا پر چیخ وپکار کس لئے کررہے ہیں، اگر کوئی بے گناہ ہے تو عدالتوں میں جاکر ثابت کرے، حکومت پاکستان کیسز میں پارٹی نہیں ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہے، الطاف حسین کی گرفتاری خوش آئند ہے۔