اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ، بولی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع

12 Jul, 2024 | 11:27 PM

انور عباس:  سٹیئرنگ کمیٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے آؤٹ سورسنگ منصوبے کے لئے بولی جمع کرانے کی حتمی تاریخ 2 ماہ کی توسیع کے بعد 15 جولائی مقرر کر دی۔

 ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا آج 11 واں اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی، اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم اور سیکرٹری ایوی ایشن سمیت سیکرٹری قانون، سیکرٹری بی او آئی اور کنٹری ڈائریکٹر آئی ایف سی بھی شریک ہوئے، اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن نے اراکین کمیٹی کو بریفنگ دی۔

 اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ منصوبے میں یورپ سمیت متعدد ایئرپورٹ آپریٹرز نے دلچسپی لی، ان میں سے کچھ آپریٹرز نے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ کنسورشیم تشکیل دیا ہے، یہ کنسورشیم قانونی اور مالیاتی معاملات پر احتیاط سے کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں کسورشیم کی ٹیموں نے حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔

بولی جمع کرانے کی حتمی تاریخ 15 جولائی مقرر کی گئی ہے، منصوبے کی پیچیدگی کے پیش نظر 4 ممکنہ بولی دہندگان نے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی ہے، اس طرح کی توسیع زیادہ مسابقت کی اجازت دے گی، اس طرح اس منصوبے کے لیے بہتر قیمت موصول ہوسکے گی، اس منصوبے کے لین دین کے مشیر آئی ایف سی نے اس تجویز کی حمایت کی۔

 آئی ایف سی کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی نے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع کی اجازت دے دی، سٹیرنگ کمیٹی نے ہدایت کہ ممکنہ بولی دہندگان کو وزارت ہوابازی اور آئی ایف سی کی جانب سے مکمل طور پر تعاون کیا جائے گا، اس تعاون سےمناسب مستعدی سے کام جلد مکمل کیا جا سکے گا، اس طرح بولی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکےگا، اس عمل کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مزید توسیع کی ضرورت نہ ہو۔

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے زیادہ سے زیادہ ریونیو کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی، انہوں نے مسافروں کے تجربے کو بڑھانے کے لیے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا، اسحاق ڈار نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کا عہد کیا تاکہ آؤٹ سورسنگ پروجیکٹ کو کم سے کم وقت میں انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔

مزیدخبریں