مائدہ وحید: بارش کے باعث رحمان پورہ کی متعدد گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے علاقہ کے مکینوں کو بارش کے پانی سے گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جمعہ کے روز وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی ، واسا کے اہلکاروں نے گلیوں میں جمع پانی نکالنے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی۔ واسا کی نا اہلی رحمان پورہ کی گلیوں میں نمایاں دکھائی دے رہی ہے۔
مکین بتاتے ہیں کہ بارش کے بعد رحمان پورہ کا علاقہ ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔ علاقہ میں ڈرینیج لائنیں بارش کے پانی کو بروقت نکالنے کے لئے ناکافی ہیں اور ان کی صفائی بھی نہیں ہوئی۔ بعض گٹروں کے ڈھکین غائب ہیں، گلی میں پانی کھڑا ہونے کے بعد وہ کسی سنگین حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا کو اس علاقہ میں بھی متحریک ہونا چاہئے، آنے والے دنوں میں زیادہ شدید بارشیں ہوئیں تو یہاں لوگوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انتظامیہ مون سون کے دوران نکاسی آب کا عمل یقینی بنائے۔