چائنیز کونسل جنرل لاہور کا سندس فائونڈیشن کا دورہ ، تھیلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات

12 Jul, 2024 | 07:43 PM

سٹی42: چائنیز کونسل جنرل لاہور ژاؤ شیرین نے تھیلیسیمیا سینٹر سندس فائونڈیشن کا دورہ کیا جس دوران چائنیز قونصل جنرل نے سندس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر خالد عباس ڈار کو 23 لاکھ 30 ہزار روپے کا چیک پیش کیا اور علاج معالجہ میں معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سندس فاؤنڈیشن کے دورہ پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر عبد الستار کا کہنا تھا کہ یہ چائنیز قونصل جنرل کا 15 دنوں میں دوسرا وزٹ ہے ، ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے ہم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ سندس فاؤنڈیشن کی ڈونیشن سمیت تمام معاملات میں مدد کریں گے۔

دوسری جانب چائنیز کونسل جنرل لاہور ژاؤ شیرین نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن تھیلسیمیا کے مریضوں کے لئے ناقابل فراموش کام کر رہی ہے۔ قونصل جنرل لاہور آفس نے سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ بطور پارٹنر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے زیادہ سے زیادہ لوگ سندس فاؤنڈیشن کو سپورٹ کریں، پنجاب اور پاکستان کے لوگوں میں ڈینگی، بلڈ کینسر ، ہیموفیلیا، تھیلیسیمیا جیسی بیماریاں کم ہوں اور لوگ لمبی صحت والی زندگی جئیں۔

میڈیا ٹاک کے دوران چیئرمین سندس فاؤنڈیشن یاسین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کہ چائنیز وفد پاکستان آیا ، چین پہلے بھی پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے ۔ ان تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کی مدد کا اقدام قابل تعریف ہے۔

سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے چائنیز قونصل جنرل کو بطور اعزاز سوینئر بھی پیش کیا گیا۔ 

مزیدخبریں