لیسکو کے ایس ڈی او کے گھر پر مبینہ فائرنگ،مقدمہ درج

12 Jul, 2024 | 05:00 PM

وقاص احمد: جوہر ٹاؤن میں لیسکو کے ایس ڈی او کے گھر پر مبینہ فائرنگ کی گئی ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کر لیاہے تاہم پولیس نے تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ائیر  پورٹ روڈ سب ڈویژن میں تعینات ایس ڈی او عدیل رفیق کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔ فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ۔فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہو ئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان حارث، حامد، ملک اعظم ،طارق، شوکت،شہباز،ارشد اور شوکت وغیرہ نے 15 سے 20 منٹ تک اندھا دھند فائرنگ کی۔ملزمان کی فائرنگ سے علاقے میں بھی خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس کا کہنا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کرکے حقائق سامنے آئیں گے۔

مزیدخبریں