افشاں رضوان/ دور نایاب: شہر لاہور میں زیادہ بارش کہاں اورکتنی ہوئی؟واسا نے مجموعی شرح جاری کردی، سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش میں سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 315ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔ مغلپورہ میں145،لکشمی چوک میں 145،پانی والاتالاب میں144ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ قرطبہ چوک میں 150،گلشن راوی میں 133،سمن آبادمیں144ملی میٹربارش ریکارڈ، لاہورایئرپورٹ میں 71،اپرل مال میں 128،اقبال ٹاؤن میں128ملی میٹر بارش ریکارڈ جبکہ ہیڈآفس واساگلبرگ میں 103،نشترٹاؤن میں157ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے بعد شہر لاہور میں جل تھل ہوگیا تاہم واسا کے دعوؤں کے برعکس بروقت پانی کی نکاسی نہ ہوسکی۔ نشیبی علاقوں میں بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں ، سڑکوں پر جمع بارش کے پانی نے واسا کی کارکردگی پر مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے سوالیہ نشان لگا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق صبح سے جاری بارش سے شہر اور گرد و نواح کا نقشہ ہی بدل گیا، مین شاہراہیں اور رہائشی علاقے زیر آب آگئے ،بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو گاڑیاں اور موٹرسائیکل بند ہونے سے سڑکوں پر مشکلات کا سامنا ہے، واسا عملہ اور افسران متحرک ہیں لیکن صبح سویرے کی کارکردگی نے واسا کی تیاریوں کا پول کھول دیا ،واسا کی ناقص کارکردگی کے باعث بارش کا پانی سڑکوں پر تاحال جمع ہے .
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے اس بار مون سون میں ریکارڈ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اگر واسا کی یہی کارکردگی رہی تو شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے کارکردگی دکھانے کی بجائے صرف فرضی دعوے ہی کیے جاتے ہیں معاملے سے متعلق موقف لینے کے لیے ایم ڈی واسا عامر عزیز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔