فاران یامین : فریج سے کھانا نکال کر کھانا کمسن ملازمین کا جرم بن گیا، ایک کو جان کی قیمت ادا کرنا پڑی تو دوسرا بھائی شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل،پولیس نے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا،، سی سی پی او نے دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کا بھی حکم دیدیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں نصر اللہ، محمود الحسن اور ملزمہ شازیہ بی بی شامل ہیں،پولیس کی مدعیت میں گھر کے پانچ افراد کے خلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا،بہاولپور کا رہائشی کامران اپنے بھائی رضوان کیساتھ ڈیفنس میں گھریلو ملازمت کرتا تھا، فریج سے کھانا نکال کر کھانے پر اہل خانہ کے بہیمانہ تشدد سے کامران جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کامران کے 7 سالہ بھائی رضوان کا میڈیکل بھی کروایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جاۓ گی ۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مفرور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔