ن لیگ کے ایک اور وزیر نے استعفیٰ دے دیا

12 Jul, 2022 | 08:35 AM

ویب ڈیسک: ن لیگ کے ایک اور وزیر نے استعفیٰ دے دیا۔ ایاز صادق اور سلمان رفیق کے بعد اویس لغاری بھی مستعفی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق   پارٹی ہدایت پر اویس لغاری نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔اویس لغاری وزیر خزانہ پنجاب اور مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو بھیجے گئے خط میں اویس لغاری نے لکھا کہ ذاتی وجوہات کی بنیادپراستعفیٰ دے رہا ہوں۔اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق اور صوبائی وزیر سلمان رفیق نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

صوبائی وزیر سلمان رفیق نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بھجوایا جس میں انہوں نے وزارت سے مستعفی ہونے کی وجہ ذاتی وجوہات قرار دی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سلمان رفیق کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں تاہم ان کے مستعفی ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

مذکورہ استعفوں کے حوالے سے صوبائی وزیر عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کیلیے ایاز صادق اور سلمان رفیق عہدوں سے مستعفی ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں