سٹی42: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حریم شاہ بھٹکی ہوئی ہے،وہ کبھی سندھ اورکبھی پنجاب میں خود کش حملہ کرتی ہے، ٹک ٹاک ایک وائرس ہے،اسے ہماری بچیوں تک نہ آنے دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا،وزیراعظم عمران خان نےحضرت داتاگنج بخشؒ کے مزار کےجامع ڈویلپمنٹ ،دیگر مزارات کے تحفظ، بحالی، تزئین و آرائش کی ہدایت کی ہے،منصوبوں کے ٹینڈرز دینےکاعمل 15 ستمبر سے شروع ہو گا۔
آزاد کشمیرانتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ سابق ادوار میں حکومتیں کشمیر الیکشن کو اپنے لئے استعمال کرتی رہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ آزاد کشمیر کےانتخابات میں آئین اور قانون کے خلاف کوئی کام نہیں ہو گا، کشمیر کے عوام جس کا انتخاب کریں ،وہی ان کا نمائندہ ہو گا۔
ایک سوال کا جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حریم شاہ بھٹکی ہوئی ہے، ہماری روایات اس چیز کی اجازت نہیں دیتیں کہ ہماری بچیاں حریم شاہ جیسے کام کریں۔ حریم شاہ کبھی سندھ اورکبھی پنجاب میں خود کش حملہ کرتی ہے، ٹک ٹاک ایک وائرس ہے،اسے ہماری بچیوں تک نہ آنے دیا جائے۔