عمران یونس: پنجاب یونیورسٹی نے بی اے، بی ایس سی سالانہ امتحانات 2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسو سی ایٹ ڈگری آرٹس /سائنس (بی اے،بی ایس سی)پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ 2020ء کے امتحانی نتائج کاا علان کر دیا ہے۔امتحانات میں 1 لاکھ 96 ہزار 607 امیدوار شامل تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام الحاق شدہ کالجز اور پرائیویٹ امیدوارو ں کو مطلع کیا ہے کہ سپلی والے امیدوار سنگل فیس کے ساتھ 30 جولائی 2021ء تک آن لائن داخلہ فارم جمع کروا سکتے ہی۔
ایسے امیدوار جو پہلے ہی اپنے داخلہ فارم یونیورسٹی کو بھجوا چکے ہیں انہیں دوبارہ آن لائن فارم بھجوانے کی ضرورت نہیں۔ ایسو سی ایٹ ٖڈگری آرٹس/سائنس (بی اے، بی ایس سی) پارٹ ون اور پارٹ ٹو سپلیمنٹری 2020ء اور سالانہ 2021ء کے امتحانات رواں برس ستمبر کے آخری ہفتے شروع ہوں گے۔
ادھر تعلیمی بورڈز میں اہم خالی عہدوں پر تقرریوں کیلئے امیدواروں کی انٹرویوز کیلئے سکروٹنی مکمل ہونے کے بعد انٹرویوز شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے امیدواروں کو انٹرویوز کیلئے کال لیٹرز جاری کر دیے ہیں۔ چھ تعلیمی بورڈز میں سیکرٹری، کنٹرولر اور چیئرمین کے خالی عہدوں کیلئے انٹرویوز ہوں گے۔ لاہور بورڈ، ملتان بورڈ، گوجرانولہ بورڈ، ڈیرہ غازی خان بورڈ، بہاولپور بورڈ اور فیصل آباد بورڈ شامل ہیں۔
خالی عہدوں پر تقرریوں کیلئے وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی امیدواروں کے انٹرویوز کرے گی جس کے بعد بورڈز کے مذکورہ خالی عہدوں کیلئے سمریاں وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کی جائیں گی۔