مانیٹرنگ ڈیسک: برگر بچے بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں جو سو دو سو روپے میں ہر جگہ مل بھی جاتا ہے، لیکن اگر آپ کا ہالینڈ میں برگر کھانے کو دل کرے تو پہلے قیمت ضرور پوچھ لیں، وہاں ایک برگر کے ساڑھے نو لاکھ روپے بھی دینے پڑ سکتے ہیں۔
ہالینڈ کے شہر وورتھوئزن میں واقع ایک ریستوران ڈی ڈالٹنس نے دنیا کا سب سے مہنگا ترین برگر تیار کیا ہے، گولڈن بوائے نامی اس برگر کی قیمت صرف 5 ہزار یورو ہے۔ ڈالرز میں قیمت 6 ہزار اور پاکستانی روپے میں حساب کریں تو قیمت ساڑھے نو لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔ گولڈن بوائے برگرمیں مہنگے ترین اجزا شامل کئے ہیں۔
اس کو سونے کے ورق میں لپیٹا گیا ہے جبکہ جاپان سے دنیا کا مہنگا ترین گوشت منگوایا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں دوسری اعلی معیار کی اشیا کے ساتھ ساتھ مہنگا ترین چییز، زعفران اور بطخ کے انڈوں سے تیارکردہ مایونیز استعمال کی گئی ہے۔ ریستوران کے مالک رابرٹ جان ڈی وین کے مطابق جب انہیں پتہ چلا کہ دنیا کے مہنگے ترین برگر کا وزن 352 کلوگرام اور قیمت 5 ہزار ڈالر ہےتو انہوں نے اس سے بھی مہنگا ایک ایسا برگر بنانے کا ارادہ کیا جو ایک آدمی ہاتھ میں پکڑ کر کھا بھی سکے،، جس کے نتیجے میں گولڈن بوائے تیار ہوا۔
انہوں نے اس مہنگے ترین برگر سے ہونے والی آمدنی غریب ممالک میں پانی کے منصوبوں کو عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ پہلا برگر ہالینڈ کے رائل ڈچ فوڈ اینڈ بیوریجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے خریدا، اب تک تین افراد نے یہ مہنگا ترین برگر کھایا ہے۔