(اسرار خان)روزی روٹی کے سلسلے میں پرتگال جانے والا نوجوان جگری دوست کے ہاتھوں قتل ہوگیا ۔ 27 سالہ فیضان شالیمار کا رہائشی تھا ۔
شالیمار کے علاقہ گلشن شالیمار ہاؤسنگ سکیم کے رہائشی 27 سالہ فیضان کو اس کے جگری دوست 40 سالہ اشتیاق نے 5 جولائی کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے بےدردی سے قتل کیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق مقتول فیضان روزگار کے سلسلے میں پانچ سال قبل بیرون ملک گیا۔ دو سال سعودی عرب میں رہنے کے بعد فیضان پرتگال چلا گیا جہاں اس نے موبائل شاپ بنا رکھی تھی۔
مقتول کی اہلیہ 25 سالہ ماہ نور اور 7 ماہ کا بیٹا ابراہیم بھی پرتگال میں مقیم ہیں۔ فیضان کے قتل کے دلخراش واقعہ نے گھر میں سوگ کا سماں باندھ دیا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ قتل کے اس افسوس ناک واقعے کو ایک ہفتہ گزر گیا، مگر مقتول کی میت تاحال پاکستان نہ پہنچ سکی۔ بیٹے کی یاد میں تڑپتی ماں نے حکومت وقت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔