ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن

پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کے لئے پروازوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد سے کراچی کے درمیان روزانہ دو پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور اور کراچی کے مابین روزانہ پرواز چلائی جائے گی جبکہ پی آئی اے کی متحدہ عرب امارات کیلئے دو طرفہ پروازیں بھی بحالی کی طرف گامزن ہے۔ پی آئی اے سعودی عرب، وسطی ایشیائی ریاستوں اور عراق کیلئے خصوصی پروازیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پائلٹس اور پروازوں پر پابندی کے بعد جرمنی میں موجود پاکستانی سفیرنے یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائر یکٹر پیٹرک کے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طے شدہ نکات پر مبنی ورکنگ پلان کی تیاری کیلئے وزرات خارجہ کی جانب سے سی ای او پی آئی اے کو مراسلہ ارسال کیا گیا۔

مراسلے کے مطابق ایاسا سے ہونے والے مذاکرات کے نکات پر مبنی ورکنگ پلان مرتب کیا جائے، ورکنگ پلان میں پائلٹس اور ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتیوں پر سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر مبنی اقدامات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ مشتبہ لائسنسز پر بھرتیوں کے ذمہ دار اہلکاروں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کی تفصیلات درج کی جائیں۔

مراسلہ کے مطابق بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن قوانین پر موثر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔ سی اے اے پاکستان اور پی آئی اے کی جانب سے ساکھ بحالی کے لئےاقدامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھر پور تشہیر کی جائے۔

پی آئی اے پروازوں کی بحالی کے لئے درج بالا نکات پر جلد عملدرآمد اور طریقہ کار پر ایاسا کو بریفنگ کے لیے ایک پروفیشنل ٹیکنیکل وفد روانہ کیا جائے۔ کورونا ایس اوپیز کے تناظر میں وفد کی روانگی میں مشکلات پر ویڈیو بریفنگ کا ممکنہ انتظام بھی کیا جائے۔