’’سازشیں کرنے والے پہلے کی طرح پیچھے رہ جائیں گے‘‘

12 Jul, 2020 | 10:55 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے، ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی، پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے، ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی۔         

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ایوان وزیراعلیٰ میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا۔ ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے، ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے، ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی۔ سازشیں کرنے والے پہلے کی طرح پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا ۔تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر شروع دن سے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ ان عناصر نے ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے زیر تکمیل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ جلال پور کینال اور گریٹر تھل کینال جیسے گیم چینجر منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کی قسمت بدلنا چاہتے ہیں، ترقی سب کا حق ہے۔ پنجاب کا ہر شہر اور کوچہ ترقی کے ثمرات سے فیض یاب ہوگا۔

ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں رانا شہباز احمد، سید عباس شاہ، محمدعلی قریشی اور صاحبزادہ غزین عباسی شامل تھے جبکہ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

مزیدخبریں