لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، خاردار تاریں ہٹا دی گئیں

12 Jul, 2020 | 04:57 PM

Arslan Sheikh
Read more!

(عثمان علیم ) ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک میں لاک ڈاؤن کی کھلم کھلا خلاف ورزی، حکومتی احکامات ہوا ہوگئے، پولیس عملے نے خود ساختہ طور پرعلاقے کے مین انٹری پوائنٹ کو ڈی سیل کردیا، عملے کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے انٹری پوائنٹ کھولا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک میں پولیس نے مین انٹری پوائنٹس سے خاردار تاریں ہٹا دیں۔ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر انٹری پوائنٹ کھولا گیا ہے۔ ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک میں 200 سے زائد کورونا مریضوں کی تصدیق پر ہاٹ سپاٹ قرار دیتے ہوئےعلاقےکو سیل کیا گیا تھا۔

حکومتی احکامات کے برعکس سیل شدہ علاقے میں غیر ضروری نقل و حرکت جاری ہے۔ پولیس کا عملہ بغیر کسی جانچ پڑتال کے شہریوں کو داخلے و اخراج کی اجازت دینے لگا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں میں کسی بھی غیرضروری نقل وحرکت روکنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دوسری جانب عوامی مقامات پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ماسک نہ پہننے پر ضلعی انتظامیہ کی تشکیل کردہ ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں 11 سو 22 مقامات پر انسپیکشنز کی گئیں۔ دوران انسپیکشن ایک ہزار 107 مقامات پر خلاف ورزیاں پائی گئیں جس پر اب تک چھ لاکھ 20 ہزار600 کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں جبکہ ماسک نہ پہننے پر 503 وارننگز بھی دی گئیں۔  

مزیدخبریں