ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عید قریب آتے ہی سستے ماڈل بازار بھی مہنگے ہوگئے

عید قریب آتے ہی سستے ماڈل بازار بھی مہنگے ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (عمر اسلم/ حسن علی) عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سبزی اور پھلوں  کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، لاہور میں سبزیوں کی سرکاری نرخنامے کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ دھڑلے سے جاری،  (ن) لیگی ایم پی اے اسوہ آفتاب میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ 

عید قریب آتے ہی ماڈل بازاروں میں بھی سبزیاں مہنگی ہو گئیں، گزشتہ 15 یوم میں ٹماٹر کے نرخ میں 60 روپے تک کا اضافہ ہوا، ریٹ 30 سے بڑھ کر 90 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، لہسن 40 روپے اضافے کے بعد 180، ادرک 25 روپے اضافے کے بعد315 روپے فی کلو، کریلے27 روپے اضافے سے65، بینگن30 روپےاضافے کےبعد 60 روپے فی کلو جبکہ سبز مرچ 35 روپے اضافے کے بعد 85 روپے فی کلو، شملہ مرچ 12 روپے اضافے کے بعد 62، گھیا کدو 53 روپے اضافے کے بعد 75 روپے، گھیا توری 45 روپے اضافے کے بعد 85 اورمٹر 80 روپےاضافے کے بعد 180 روپے فی کلو میں فروخت ہوتے رہے۔

حکومت کی جانب سے مہنگائی کا جن قابو میں کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہ ہونے پرشہری نالاں دکھائی دئیے، شہریوں کا کہنا ہے کہ چند روز میں تمام سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جبکہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ اگرحکومت نے سبزیوں کی قیمتوں کوکنٹرول کرنا ہے تو سب سے پہلے منڈیوں میں سرکاری نرخ نامے پرعمل درآمد کرایا جائے۔

  دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے اسوہ آفتاب نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی، مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی اسوہ آفتاب کا قرارداد میں کہناہے کہ عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا، سبزی فروشوں نے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ نرخ ہوا میں اڑا دیئے ہیں،جبکہ شہر میں تعینات درجنوں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ٹھنڈے کمروں میں آرام کررہے ہیں اورمنافع خور دونوں ہاتھوں سے سادہ لوح شہریوں کولوٹ رہے ہیں، حکومت نے عام آدمی کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

قرارداد میں حکومت سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹ کواپنی ڈیوٹی ایمانداری سے سرانجام دینے کا پابند کیا جائے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer