مال روڈ (علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ گجراں میں اورنج ٹرین سٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور ٹرین سروس کے آغاز کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پر موجود جدید ترین سہولتوں، آٹومیٹک آلات اور مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔
ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو پراجیکٹ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن ٹرین کو جلد ازجلد فعال کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پی پیک کا منصوبہ ہے، اورنج لائن میٹرو ٹرین کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، سازگار حالات کا انتظار کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہوتے ہی ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اورنج لائن ٹرین چلا کر سابقہ حکومتوں کے منصوبے بند کرنے کی روایت کا خاتمہ کر رہے ہیں، لاہور کے شہریوں کو سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اہتمام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ اورنج لائن میٹروٹرین مسافروں کے تحفظ کیلئے ایس او پیز کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اورنج لائن ٹرین کوفعال کرنے کے اقدامات کیلئے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایاکہ اورنج لائن ٹرین کا الیکٹریکل، مکینیکل او رسول ورک مکمل ہو چکا ہے، ٹرین کو آپریشنل کرنے کے لئے نورینکو، جی ایم جی، ڈائیوو اور جے وی پر مشتمل چین کے اداروں کے ماہرین اور اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال بہتر ہوتے ہی ٹرین کو فعال کر دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیگر تمام متعلقہ حکام کو ٹرین سروس کے آغاز کے لئے ممکنہ اقدامات جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر لاہور ڈویڑن، جی ایم پی ایم اے، ایم ڈی نیسپاک اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر پنجاب چیریٹی ایکٹ 2018ء کے تحت پنجاب چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صدقات و عطیات کا درست استعمال یقینی بنانے کیلئے صوبے بھر میں کام کرنے والی خیراتی تنظیموں اور اداروں کے لئے 15 اگست سے پہلے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن کرانالازمی ہوگا، این جی اوز، ٹرسٹ، سوسائٹیزاور دیگر خیراتی اداروں کی آسانی کے لئے ویب رجسٹریشن پورٹل بھی بنا دیا گیا ہے، جہاں د رخواست کنندہ اپنی رجسٹریشن بھی کروا سکتا ہے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی رہائش گاہ پر گئے، انہوں نے وفاقی وزیر شفقت محمود سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ والدہ سے محرومی کا دکھ بہت تکلیف دہ اور صبرآزما ہوتا ہے، انہوں نے شفقت محمود او ران کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے بھائی عامر محمود بھی اس موقع پرموجود تھے۔