سعید احمد: کنٹریکٹر نے مختلف منصوبوں پر چینی کمپنی سائنو ٹیک کو لیبر فراہم کی، چینی کمپنی نے کام تو کروالیا مگر کنٹریکٹرز کو پیسے ہی نہ دئیے، متاثرہ کنٹریکٹرز واجبات وصولی کیلئے دربدر ہوگیا۔
چینی کمپنی سائنو ٹیک کی جانب سے واجبات ادا نہ کرنے کے خلاف لیبر اینڈ میٹریل سپلائی کمپنیز کے متاثرین نے پریس کانفرنس کی، کنٹریکٹر راؤ خالد عظمت کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی سائینو ٹیک نے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں جاری دو پروجیکٹ پر لیبر فراہم کی۔ کمپنی کے ذمے تقریبا 13 کروڑ روپے کے واجبات ہیں، مقامی مزدور اور سپلائرز پچھلے اڑھائی سال سے واجبات وصولی کیلئے دربدر ہیں، متاثرہ کنٹریکٹر کا کہنا ہے کہ مقامی تھانے میں کمپنی کے ظلم کے خلاف درخواست بھی دی لیکن پولیس بھی تعاون نہیں کر رہی۔
جبکہ چینی سفارت خانے میں بھی انصاف کیلئے درخواست دی، مگر کسی نے رابطہ نہیں کیا، حکومت سے درخواست ہے کہ وہ چینی کمپنی سے مزدوروں کی محنت کی کمائی دلوائے، متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعاون نہ کیا گیا تو مال روڈ پر دھرنا دیں گے۔