سینئر صحافی جاوید شہزاد انتقال کرگئے

12 Jan, 2025 | 09:40 PM

سٹی 42: (اے بی این) روزنامہ اوصاف کے چیف رپورٹر اور سینئر صحافی جاوید شہزاد انتقال کر گئے ۔ 

روزنامہ اوصاف کے چیف رپورٹر اور سینئر صحافی جاوید شہزاد حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے بڑے قبرستان، چوہڑ چوک راولپنڈی  میں ادا کی جائے گی ۔


صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے اوصاف گروپ سے وابستہ سینیئر صحافی جاوید شہزاد کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے مرحوم جاوید شہزاد کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، اور مرحوم صحافی کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ۔ 

صدر مملکت کی جانب سے جاوید شہزاد کیلئے دعائے مغفرت، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینئر صحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ 

وزیراعظم نے مرحوم جاوید شہزاد بلندی ء درجات کی دعاء کی ، اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم جاوید شہزاد کی پاکستان میں جرنلزم اور میڈیا کے شعبوں میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے سینئر صحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ، اور مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ جاوید شہزاد کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، مرحوم کی شعبہ صحافت کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین 

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سینئر صحافی جاوید شہزاد کی رحلت کو نہایت صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے ان کے ادارے اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

اپنے خصوصی تعزیتی بیان میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ جاوید شہزاد بہترین انفرادی اور پیشہ وارانہ خواص کے حامل تھے جن کا شمار صفِ اوّل کے نامہ نگاروں اور رپورٹرز میں ہوتا تھا۔ جاوید شہزاد کے اچانک وصال سے پیشہ وارانہ رپورٹنگ کے شعبے میں ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے جسے مدتوں پر نہ کیا جا سکے گا۔ بطور بیٹ رپورٹر جاوید شہزاد نے محنت، دیانت اور معروضیت کے اعلیٰ معیارات ہی کو اپنے طریقۂ کار کی بنیاد بنائے رکھا اور شخصی اور طبعی میلانات پر پیشہ وارانہ دیانت اور امانت ہی کو فوقیت دی۔ 

بطور صحافی جاوید شہزاد کی صحافت، ملک اور قوم کیلئے خدمات ہر لحاظ سے گراں قدر ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رب ذوالجلال پسماندگان کو اس صدمۂ عظیم کا بارِ گراں اٹھانے کی ہمت اور سکت عطافرمائیں اور انہیں صبرِجمیل کی دولت سے نوازیں۔ سوگ اور دکھ کی ان گھڑیوں میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان جاوید شہزاد مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اپنے برادر عزیز کے بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں۔ 

مزیدخبریں