خوارجی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز  ؛ صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

12 Jan, 2025 | 06:51 PM

سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف  کامیاب آپریشنز  پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ 

صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرِ ستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ، صدر مملکت نے دو مختلف کاروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9 دھشتگرد جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو سراہا۔ انہوں نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ 

 صدر مملکت نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی ۔ 

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے شمالی وزیرِ ستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے دو مختلف کاروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9 دھشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی سلامتی کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے.  

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف  کامیاب آپریشنز  پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی، کہا کہ 9خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بہادر  سکیورٹی فورسز  ہمارا سرمایہ افتخار ہے، سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 

مزیدخبریں