عمران خان کی رہائی سے متعلق  شیر افضل نے بڑا دعویٰ کردیا

12 Jan, 2025 | 10:07 AM

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان رمضان کے پہلے یا پھر دوسرے ہفتے میں جیل سے باہر ہوں گے۔

 انہوں نے  ایک انٹرویو  کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کو پتہ ہے کہ مذاکرات خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوں گے، اگر کوئی میرے خلاف باتیں کرے گا تو مجھ سے خاموشی کی توقع نہ رکھے، باہر بیٹھے لوگوں نے میرے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے، ایک گروپ حدود کراس کر رہا ہے، اس کو تفصیلی جواب دوں گا۔

 شیر افضل مروت نے نیا پنڈورا باکس کھولتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر ہزاروں ڈالرز کما رہے ہیں، یہ پی ٹی آئی سے وابستگی کے دعوے بھی کرتے ہیں، جو یہاں کام کررہے ہیں، انہیں داد و تحسین کے بجائے گالیاں پڑرہی ہیں، وہ غدار ڈکلیئر کیے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ میں نے شہباز گل پر کوئی اٹیک نہیں کیا، انہوں نے میرے خلاف پانچویں چھٹی ویڈیو بنائی ہے، میں کہتا ہوں باز آجاؤ، اس سے پہلے کہ دیرہو جائے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے پی ٹی آئی میں اختلافات کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی میرے خلاف باتیں کرے گا تو مجھ سے خاموشی کی توقع نہ رکھی جائے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ معاملے پر میں نے پارٹی کو کمٹمنٹ دی کہ مزید تنازع کھڑا نہیں کروں گا لیکن کسی کو حق نہیں کہ میرے خلاف میڈیا پر بیٹھ کر بیانات دے، میرے خلاف کوئی بات کرے گا تو ایسی صورت میں کوئی یہ توقع نہ رکھے کہ میں خاموش رہوں گا۔ بدمزگی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن جب مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھیں گے تو ماحول بہتر ہو جائے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ22 سے 25 نومبر کی رات تک کیا ملاقاتیں ہو رہی تھیں؟ ظاہر ہے ہمیں آفرز ہوئیں ، یہ غلط ہے کہ ہمیں کوئی آفر نہیں ہوئی۔ مجھے نہیں معلوم کے کسی کے ساتھ بیک ڈور رابطہ ہوا لیکن جس نے ماضی میں بیک ڈور رابطہ کیا وہ تو مذاکراتی ٹیم میں ہیں۔

مزیدخبریں