سٹی42: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیاجبکہ دھند میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔جین مندر، ٹاون شپ، سمن آباد، شفیق آباد، بند روڈ، چوبرجی، مزنگ سمیت مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بوندا باندی دیکھنے کو ملی۔اس کے علاوہ منچن آباد، بصیرپور اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم سرد ہوگیا، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، عارف والا، ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی بادل برس پڑے۔
لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا، اور شہر میں سورج کی چمکتی کرنوں نے فضا کو روشن کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا امکان ہے۔ہلکی دھوپ اور چلتی ٹھنڈی ہواؤں کے درمیان شہر کا موجودہ درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گی ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 21 ریکارڈ کی گئی۔شاہراہ قائداعظم میں 155، جوہر ٹاؤن میں 174، ڈی ایچ اے میں 200، شاہراہ قائداعظم میں آلودگی کی شرح 178، کوٹ لکھپت میں 126، غازی روڈ انٹرچینج میں 136 ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد میں موسم آج بھی سرد اور خشک ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے اور شمالی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔کراچی میں فضائی معیار مضر ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر ہے ۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں مزید بارش کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، تاؤ بٹ میں پارہ منفی 21، لہہ میں پارہ منفی 13، پاراچنار منفی 12، استور میں منفی 11 رہا، گوپس منفی 10، سکردو منفی 9، کالام منفی 7 اور ہنزہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم بنوں،لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پرشدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان، اور گرد و نواح میں میں شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدید سرد رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش / ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔