حسن علی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ آمد، بلاول بھٹو تحریک منہاج القرآن کے ممبر بن گئے۔
بلاول بھٹو زرداری پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ پہنچ گئے, جہاں انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں این اے 127 پر انتخابی تعاون کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری تحریک منہاج القرآن کے ممبر بن گئے، انہوں نے منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں ممبر شپ فارم پر دستخط کئے۔ ترجمان منہاج القرآن نور اللہ صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو منہاج القرآن کا تاحیات ممبر بنایا گیا ہے، بینظیر بھٹو شہید بھی تحریک منہاج القرآن کی تاحیات رکن تھیں۔ بینظیر بھٹو نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت پر تحریک منہاج القرآن کی رکنیت حاصل کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخآری، پیلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، علی قاسم گیلانی، ذوالفقار علی بدر، عرفان کھوکھر بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوش ہوئی جو ساتھ ہمارے بڑوں نے شروع کیا تھا اب وہ ہم آگے بڑھائیں گے، ساتھ مل کر چلنا ہے، خواہش ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں ، پاکستان کو اسلام کا اصل چہرہ بنانا ہوگا۔ نفرت کی سیاست کو ختم کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا جو واقع ہوا تھا اسکے حوالے سے بھی بریگنگ دی ہے، آج بھی گولیوں اور توڑ پھوڑ کے نشان موجود ہیں، ماڈل ٹاؤن واقع کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیں اور انصاف ملنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری سوچ اور نظریہ ایک ہے، مل کر محنت، جہدوجہد کی جائے گی، ہم جو سیاست کر رہے ہیں جو دوسری سیاسی جماعتوں سے مختلف ہے،
دوسری دونوں جماعتیں سیاست کو نفرت کی طرف لے کر گئے ہیں، ہماری تاریخ ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ میاں نواز شریف اگر وزیر اعظم بن گئے تو ان کا ایجنڈا ہو گا انتقام کا، اگر عمران خان کو حکومت ملی تو ان کا کیا ایجنڈا ہو گا وہ سب کو معلوم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہتے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں۔ آج بلاول بھٹو نے بھی منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لی ہے۔ پاکستان کے حالات کو بہتر کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری نے ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی یادگار پر بھی پھول چڑھائے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔