ویب ڈیسک:ملک بھر میں جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں غریب آدمی کیلئے خوراک کی خریداری بھی مشکل بنارہی ہیں وہیں پنجاب میں شادیوں کی تقریب میں لاکھوں روپوں کی بارش پر ہر شخص حیران وپریشان ہے۔
سوشل میڈیا پر حال ہی میں منڈی بہاؤ الدین میں ہونے والی شادی کی تقریب میں پیسے لٹانے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں آسمان پر پیسوں کو اڑتے جب کہ نیچے کھڑے لوگوں کو لوٹتے دیکھا گیا۔
Money Showered at Wedding in Mandi Bahuddin video goes viral ???????? pic.twitter.com/k0pdG0iZKC
— The Pulse (@PulseOfPak) January 11, 2023
اداکار سمیع خان نے اس ویڈیو کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ یہ وہی ملک ہے جہاں غریب آدمی اپنے بچوں کیلئے آٹے کی لائن میں مرجاتا ہے؟ اداکار نے اس عمل کو بے حسی کی انتہا قرار دیتے ہوئے استغفار پڑھا۔
یہی نہیں اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے گاؤں کی شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کیے رکھا تھا۔
نجی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اس شادی میں منہاج ہاؤس کے مکینوں کی جانب سے 30 سے 35 لاکھ روپے ساتھ ہی 12 سے 15 اسمارٹ فون بھی لٹائے گئے۔
دلہا نے نجی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں گھر میں سب سے چھوٹا اور لاڈلا ہوں گھر والوں کی جانب سے میری شادی کو یادگار بنانے کیلئے ہفتوں پہلےروزانہ پیسے لٹانے کا سلسلہ شروع کیا گیا، شادی میں لٹائی گئی رقم اتنی زیادہ تھی کہ لوٹنے والے تھک گئے لیکن پیسے ختم نہ ہوئے۔
دلہا کے بھائی کا کہنا ہے کہ پیسے لوٹنے کے چکر میں بچوں نے ہمارے گھر کا میٹر اور ساتھ گھر کی دیوار بھی توڑدی۔