(سٹی42) لاہوریوں کیلئے خوشخبری، شہر میں ڈیجیٹل چالانوں کو بریک لگ گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل چالان سسٹم اب دنیا بھر میں تیزی سے متعارف ہورہا ہے جس کے تحت ہیلمٹ کا عدم استعمال، لین کی خلاف ورزی ، غلط پارکنگ، ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے ،حدرفتار اور گاڑیوں میں پائی جانے والی تکنیکی خرابیوں کا پتا لگانے میں مدد ملتی ہے، مگر لاہور کی ٹریفک پولیس نے ڈیجیٹل چالاننگ ایپ بند کر دی، چالاننگ افسران اور وارڈنز کو فوری چالاننگ ایپ ان انسٹال کرنے کا حکم دے دیا گیا، اب ٹریفک وارڈنز دوبارہ چالان بک پر مینول چالان کریں گے۔
سٹی ٹریفک پولیس حکام کا کہناہے کہ تکنیکی مسائل اور جرمانوں کی وصولی میں مشکلات پر ایپ بند کی گئی۔
واضح رہےکہ 15نومبر 2022 کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈیجیٹل چالان سروس کا آغاز کیا گیا تھا، سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی نے مال روڈ پر مینول چالان کی بجائے ڈیجیٹل چالان سسٹم کا افتتاح کیا تھا، مال روڈ پر پہلے ہی روز 03 ہزار سے زائد ڈیجیٹل چالان کیے گئے تھے۔
افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر اسد ملہی کا کہناتھا کہ ڈیجیٹل چالاننگ سے جعلی اور بوگس چالان کی شکایات کا خاتمہ ہوگا،ڈیجیٹل چالاننگ سے ٹرانسپرنسی اور رئیل ٹائم انفارمیشن کا حصول ممکن ہوگا،ڈیجیٹل چالاننگ سے چالان بکوں کی چھپائی سمیت دیگر وسائل کی بچت ممکن ہوگی، ڈیجیٹل چالاننگ سے کرپشن کے عنصر کا خاتمہ ہوگا۔