سیشن کورٹ کے باہر سے 7 مسلح افراد گرفتار

12 Jan, 2021 | 03:25 PM

Sughra Afzal

(جمال الدین) سیشن کورٹ کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاورں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عدالت کے باہر گراؤنڈ سے 7 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے مطابق وہ قتل کی پیشی پر آئے تھے۔

سکیورٹی انچارج انسپکٹر مبشر اعوان کے مطابق سات ملزمان عمران، ریاض، شہزاد، احسان، فاروق، بلال، صادق اور رؤف کو حراست میں لیا گیا، ملزمان سے کلاشنکوف، ٹرپل ٹو رائفل، پانچ پسٹل اور ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں،انہیں تفتیش کے لیے تھانہ اسلام پورہ منتقل کر دیا گیا ،ملزمان کا تعلق مناواں سے ہے۔

ملزمان کا موقف ہے کہ ان کی خاندانی دشمنی ہے اور وہ قتل کیس کی پیشی پر آئے ہیں، ملزمان کے مطابق ان کا تمام اسلحہ لائسنس یافتہ ہے اور وہ ہر پیشی پر اسلحہ ساتھ لاتے ہیں، انہوں نے گاڑی میں اسلحہ رکھا تھا جہاں پولیس نے کارروائی کی، پولیس کے مطابق مزید تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

سی سی پی او نے متعلقہ اہلکاروں کو شاباش دی اور مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیدیا۔ سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کا اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو  خط لکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ سات  جنوری کو بھی پولیس کی بروقت کارروائی  کی بدولت سیشن کورٹ بڑے سانحہ سے بچ گئی تھی،   سیشن کورٹ سائلین گیٹ سے کرائے کا قاتل ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا تھا، ملزم نے پمپ ایکشن اور چار کارتوس شال کے نیچے چھپا رکھے تھے ۔

مزیدخبریں