علی رامے: لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک سال میں کتنا بجٹ درکار؟، 337 منصوبوں کی مالیت 3 کھرب 96 ارب، منصوبوں کیلئے روزانہ 1 ارب 8 کروڑ 62 لاکھ روپے کے فنڈز دینے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اگر شہر لاہور کو ترقی دینی ہے تو صرف اعلان کردہ منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے اربوں روپے کا بجٹ چاہیے۔ لاہور میں اس وقت مختلف نوعیت کے 337 منصوبوں پر کام جاری تو ہے لیکن سست روی کا شکار ہے۔ لیکن اگر ان منصوبوں کی مالیت کو دیکھا جائے تو لاہور کے منصوبوں کو ایک سال میں مکمل کرنے کے لیے روزانہ 1 ارب 8 کروڑ 62 لاکھ روپے کے فنڈ کی ضرورت ہے۔
بجٹ تخمینے کے مطابق شہر میں 337 ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر روزانہ ایک ارب 8 کروڑ 62 لاکھ روپے ملیں تو منصوبے مکمل کیے جاسکتے ہیں جبکہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکومت یومیہ 33 ارب روپے کے فنڈ بھی دے تو منصوبے بروقت مکمل ہوسکتے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق لاہور میں 337 منصوبوں کی کل مالیت 3 کھرب 96 ارب روپے ہے جبکہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2020_21 کے بجٹ میں 61 ارب روپے کا بجٹ دینے کا تخمینہ لگایا ہے۔
رواں سال کے مختص بجٹ کے مطابق لاہور میں روزانہ 16 کروڑ 43 لاکھ روپے خرچ ہونے چاہیے مگر فنڈز کی قلت ہونے کے باعث موجود دور حکومت میں لاہور پر اب تک پہلے چھ میں روزانہ صرف 2 کروڑ روپے کا بجٹ استعمال کیا گیا ہے۔