(سٹی 42) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید صحافی کے رانا ثناءاللہ سے متعلق سوال کرنے پر غصے میں آگئے، بولے نمبرون سے دوستی رکھتا ہوں، نمبر دو سے سلام بھی نہیں لیتا،وزیراعظم سے کہوں گا۔ پی اے سی میں اپنا ممبر ڈراپ کرکے مجھے ممبر بنائیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کے لئے کل وزیراعظم کوخط لکھوں گا، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں بٹھایا جاتا۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نےلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا کہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر نیا پلیٹ فارم بنانے جارہے ہیں، اب بغیرٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ریلوے اسٹیشنز پر ریلوے پولیس ٹکٹ چیک کرے گی، ٹرینوں میں صفائی کی شکایات پر نوٹس لیا ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ نان سٹاپ ٹرینوں سے 2 ہفتے میں 10کروڑ کا فائدہ ہوا، دو مال گاڑیاں چلائی ہیں مزید 2 گاڑیاں چلائیں گے، 2019 پاکستان کی ترقی کا سال ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم عمران خان ملک کو بحران سے نکالیں گے۔
پریس کانفرس کے دوران صحافی کے سوال کرنے پر شیخ رشید بھڑک اُٹھے، بولے دوستی اور دشمنی بھی نمبر ون سے کرتا ہوں، نوازشریف اور شہباز شریف کا صاحب کے بغیر نام نہیں لیا، ان کی بیٹیوں کا بھی احترام سے نام لیتا ہوں، میں مسلم لیگ ن کا کوئی مستقبل نہیں دیکھ رہا، دودھ کی رکھوالی پر بلا نہیں بیٹھ سکتا، جس پر 121کیسز ہوں اس کو شرم آنی چاہیے احتساب کرتے ہوئے، پاکستان کی تاریخ میں چار، پانچ مرتبہ وزیراعظم رہنے والاآدمی سزا ہوااس کی حمایت کے لئے لاہور سے پانچ افراد نہیں نکلے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی اے سی کے خلاف میں سپریم کورٹ میں جارہا ہوں ان کے خلاف میں خود سپریم کورٹ میں کیس لڑوں گا، پی ٹی آئی اپنا ممبر ڈراپ کرے مجھے پی اے سی میں شامل کرے تاکہ میں خود ن لیگ کا احتساب کروں، مولانا فضل الرحمان میرے لیے قابل احترام ہیں۔