پیرمکی:نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے2افراد جاں بحق،3شدید زخمی

12 Jan, 2018 | 11:23 PM

(عابدچوہدری): شہر میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال، پیرمکی کے علاقے میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔

شام 5 بجے پیر مکی  داتا دربارکے علاقے میں ہونے والی فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا۔ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ تین زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب ورثاء بھی آپے سے باہر ہوگئے، لواحقین نے ٹائر جلا کر سڑک کو آمدورفت کیلئے بند کر دیا۔ مشتعل افراد نے سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ میٹرو بس سروس بند کرنے کے ساتھ ساتھ سپیڈو بس کے شیشے توڑ ڈالے۔ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین میں تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی۔

حالات کشیدہ ہونے پر ایس پی سٹی علی رضا مظاہرین سے مذاکرات کیلئے موقع پر پہنچے۔ ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ 72 گھنٹے میں ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

ایس پی سٹی کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور حراست میں لئے گئے مظاہرین کو رہا کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ علی رضا کا کہنا تھا کہ ٹریفک کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔

مزید دیکھئے:


مزیدخبریں