اشیاء خورونوش کے دام بڑھنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع

12 Jan, 2018 | 02:30 PM

(قضافی بٹ) پٹرولیم نرخوں میں اضافے سے اشیاء خورونوش کے دام بڑھنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع ، تحریک التوا مسلم لیگ ق کی خدیجہ عمر کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک التوا مسلم لیگ ق کی خدیجہ عمر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے اشیاء خورونوش کے دام بھی بڑھ گئے۔آٹا،سبزیاں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے جس سے غریب عوام شدید مالی پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔اشیاء خورونوش کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہیں جس کی وجہ سے گوشت، سبزیاں اور دیگر اشیاء عوام کی دسترس سے باہر ہیں۔چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام نہ ہونے سے شہری روزمرہ اشیاء مہنگے داموں خریدنے پر مجبورہیں ۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ تحریک التوائے کار میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

مزیدخبریں