سٹی 42 : پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ مُلک بھر میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ اور حکومتی اقدامات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں ۔
پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے متعلق جاری تفصیلات کے مطابق یکم جنوری سے 11 فروری، 42 دن میں 83 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ 3 جنوری کو مُلک کے 12 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ 10 جنوری کو مُلک کے 17 اضلاع، 17 جنوری کو 4، 24 جنوری کو 3 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ 31 جنوری کو 26، 7 فروری کو 21 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے حکام کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں شکار پور سے پولیو کا ایک کیس سامنے آیا، 2024 میں پاکستان بھر سے 74 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی۔
وزارتِ صحت کے مطابق پولیو وائرس متاثرہ صوبوں میں بلوچستان پہلے، سندھ دوسرے، خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہیں، پولیو پھیلاؤ صورتحال کے تناظر میں رواں ماہ 3 سے 9 فروری تک قومی پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا۔ قومی پولیو مہم کے دوران ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو قطرے پلائے گئے ۔