عابد چوہدری: لاہور کے شاہدرہ کی رہائشی خاتون کو جہلم سے بازیاب کر لیا گیا۔
مغوی خاتون اپنے سسرال کے تشدد سے دلبرداشتہ ہو کر گھر چھوڑ کر آئی تھی، جس کے بعد ملزمان نے اسے تحفظ کا جھانسہ دے کر بیچنے کی نیت سے اغوا کر لیا۔
موقع ملتے ہی خاتون نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کر کے مدد طلب کی۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے جہلم پولیس کو اطلاع دی۔ خاتون کا نمبر مسلسل بند ہونے کے باوجود ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے کیس کی پیروی جاری رکھی۔
سیف سٹی کے ترجمہ کے مطابق لوکیشن ٹریسنگ کے ذریعے جہلم پولیس کو موقع پر بھیجا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس اغوا میں ایک منظم گروہ ملوث تھا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن اور جہلم پولیس کی بروقت کارروائی سے اغواکار گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق متاثرہ خاتون سمیت دیگر کئی معصوم خواتین کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ہے۔