مسلم لیگ (ن)کیلئے الیکشن میں جانا آسان نہیں ہے, شاہد خاقان عباسی

12 Feb, 2023 | 07:20 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن)کیلئے الیکشن میں جانا آسان نہیں ہے ، ہم نے عمران خان کا سارا بوجھ اٹھایا اب اس کا نتیجہ بھگتنا پڑےگا۔

تفصیلات کے مطابق 24 نیوز کے پروگرام نسیم زہراایٹ پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ن لیگ اپنا مقدمہ لےکر عوام کے پاس جائے گی فیصلہ عوام کریں گے،ہم عوام کے پاس اپنا بیانیہ لے کر جائیں گے کہ ہم نے کن حالات میں مشکل فیصلے کئے،عوام تک اپنی بات پہنچائیں گے اب ان کا کام ہے فیصلہ کرنا،ان کاکہناتھا کہ عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرنا چاہئے کہ کیا مشکلات آئیں گی، حکومت عوام کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کر پا رہی۔

 ن لیگ کے رہنما نے کہاکہ عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ پارٹی مفاد میں کیا،جب سے مریم پاکستان واپس آئی ہیں ان سے کوئی بات نہیں ہوئی،شاہد خاقان عباسی کاکہناتھا کہ سینئر لوگوں کو پارٹی کے اندر تنقید کرنی چاہئے باہر پبلک میں نہیں ،میں اپنے دو صوبائی حلقوں میں پوری کوشش کروں گا کہ ن لیگ کے امیدوار جیتیں۔

ان کاکہناتھا کہ ڈالر کو اپنی اصل قیمت پر رکھے رہنا چاہئے،ڈالر اب اپنی اصل قیمت 270 پرآگیا ہے،سابق وزیراعظم نے کہاکہ الیکشن کیلئے تاریخ الیکشن کمیشن کو دینی ہوتی ہے ،الیکشن کمیشن نے انتخابات کرانے ہیں اس کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے، اگر الیکشن میں تاخیر ہوئی تو وہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوگا،الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ میں تاخیر کا جواب دینا ہوگا،آئین بڑا واضح ہے تمام حکومتی ادارے الیکشن کمیشن کو الیکشن کیلئے نہ نہیں کر سکتے ،اگر آئین میں گنجائش ہے تو اکتوبر میں تمام الیکشن ایک ساتھ کرا دیئے جائیں،ان کاکہناتھا کہ وزیراعظم سے گزشتہ ہفتے میں 11 ملاقاتیں ہوئیں، چودھری نثار سے چار سال سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

مزیدخبریں