(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شاہد آفریدی کو اپنی چھوٹی بیٹی کی یاد ستانے لگی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کی سب سے چھوٹی بیٹی کمرے کی کھڑکی سے نیچے موجود اپنے والد کو دیکھ رہی ہے۔شاہد آفریدی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’واقعی! میں اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کو بہت یاد کر رہا ہوں۔‘
قومی کرکٹر نے کہا کہ ’میں اور میری بیٹی ایک ہی ہوٹل میں ہیں لیکن میں کورونا وائرس پروٹوکول کی وجہ سے اس سے نہیں مل سکتا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’انشاءاللّہ! میں اپنی چھوٹی شہزادی سے بہت جلد ملوں گا۔‘
اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُن کی بیٹی والد سے ملنے کے لیے ضد کرتے ہوئے رو رہی ہے۔