فاران یامین: سی آئی اے کاہنہ کا نشتر کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک،سی آئی اے کاہنہ کا انچارج زخمی جبکہ طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سی آئی اے کاہنہ کا نشتر میں مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ سی آئی اے کاہنہ کے انچارج زخمی ہوگئے۔ سی آئی اے کاہنہ کے زیر حراست ملزمان شریف عرف شریفا اور عامر بلال عرف علی رضا کو انچارج سی آئی اے کاہنہ ریڈ کیلئے لیجا رہے تھے کہ ملزمان کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق تھانہ نشتر کےعلاقہ مسجد ابراہیم کے پاس ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کاہنہ سی آئی اے انچارج انسپکٹر نبی بخش بٹ زخمی ہو گیا۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق گولی انسپکٹر نبی بخش کے بازو کو چھو کر گزر گئی۔
ڈاکٹرز نے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی کو ڈسچارج کردیا۔ فائرنگ کے دوران زیرحراست ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ہلاک ڈاکو متعدد ڈکیتی کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔